لکھنؤ، 19؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیراعلیٰ کے عہدے پریوگی آدتیہ ناتھ کی تاجپوشی سے پہلے بی جے پی کے ایم پی ساکشی مہاراج نے کہا ہے کہ ملک کی آزادی کے بعد سے منہ بھرائی کی سیاست ہوتی رہی ہے، ملک کی تقسیم بھی منھ بھرائی کی بنیاد پر ہوئی ، بی جے پی منہ بھرائی پر یقین نہیں رکھتی ہے، ہم کسی کی بھی منہ بھرائی نہیں کریں گے، چاہے وہ ہندو ہو مسلمان ہو ، سکھ یا پھر عیسائی، ہم سب کے ساتھ انصاف کریں گے، اب کسی کو بھی منہ بھرائی نہیں کرنے دیا جائے گا۔رام مندر کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام مندر، مسجد بنانے کا نہیں ہوتا ہے، حکومتیں تو رکاوٹیں دور کرتی ہیں، جو رکاوٹ درمیان میں آئے گی اسے حکومت دور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رام مندر تو بن چکا ہے چھوٹا ہی صحیح ،اور یقیناًعظیم الشان مندر تعمیر ہو گا۔ساکشی نے کہا کہ آج ایک بھگوا بریگیڈ کا سنیاسی، نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن یوپی کا وزیر اعلی بننے جا رہا ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ کے وزیر اعلی بننے سے اترپردیش ہی نہیں ، پورا ملک خوش ہے، میرے چہرے پر یہی خوشی جھلک رہی ہے، مجھے لگتا ہے کہ وزیر اعظم مودی کا ایجنڈا سب کا ساتھ سب کا وکاس پورا ہونے والا ہے۔